بالی ووڈ کی مشہور جوڑی وجے دیوراکونڈا اور راشمیکا مندانا بالآخر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ دونوں فنکاروں نے اپنی شادی کی پہلی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں نے اپنی شادی راجستھان کے تاریخی شہر اُدے پور کے ایک پرتعیش ہوٹل میں انتہائی نجی اور پُروقار انداز میں کی۔ شادی کی تقریبات دو مختلف روایتی انداز میں منعقد کی گئیں۔ پہلی تقریب وجے دیوراکونڈا کے خاندانی اور ثقافتی پس منظر کے مطابق تِلگو انداز میں ہوئی، جبکہ دوسری تقریب راشمیکا کی کوڈاوا روایات کے مطابق منعقد کی گئی۔
شادی کے بعد دونوں فنکاروں نے اپنی ازدواجی زندگی کے آغاز کا اعلان انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیا، راشمیکا مندانا نے تصویر کے ساتھ وجے دیوراکونڈا کو اپنا شوہر متعارف کرواتے ہوئے ایک جذباتی پیغام تحریر کیا۔
جیکی شروف کی بیٹی نے افغان فائٹر کے ساتھ تعلق پر خاموشی توڑ دی

راشمیکا نے لکھا کہ وجے نے مجھے حقیقی محبت، ذہنی سکون اور خود پر یقین کا مطلب سکھایا۔ آج جو کچھ بھی ہوں، اس میں وجے کی حوصلہ افزائی اور حمایت کا بنیادی کردار ہے، اور ان کی موجودگی نے زندگی کے ہر پہلو کو مزید معنی خیز بنا دیا ہے۔


وجے دیوراکونڈا نے بھی تصاویر کے ساتھ مختصر مگر گہرے احساسات سے بھرپور پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایک دن مجھے راشمیکا کی شدید کمی محسوس ہوئی، ایسی کمی جو زندگی کے ہر لمحے کو نامکمل بنا رہی تھی۔ اسی احساس نے مجھے یہ فیصلہ کرنے پر آمادہ کیا کہ اپنی بہترین دوست کو ہمسفرِ زندگی بناؤں۔
وجے نے پوسٹ کے اختتام پر تاریخ 26.02.2026 کے ساتھ راشمیکا کو اپنی اہلیہ قرار دیا۔


رپورٹس کے مطابق شادی میں صرف قریبی رشتہ داروں اور چند منتخب دوستوں کو مدعو کیا گیا، اور تقریب کے دوران سخت پرائیویسی کو یقینی بنایا گیا۔ مہمانوں کے لیے موبائل فون کے استعمال پر پابندی تھی تاکہ کسی قسم کی غیر مجاز تصاویر یا ویڈیوز منظر عام پر نہ آئیں۔
وجے اور رشمیکا نے شادی کی تقریبات میں کرکٹ کا مزہ شامل کر دیا
فلمی دنیا کی چند معروف شخصیات نے بھی اس موقع پر شرکت کی، جن میں نامور فلم ساز سندیپ ریڈی وانگا شامل تھے۔ شادی کی خبر سامنے آتے ہی شوبز حلقوں اور سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
واضح رہے کہ راشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا طویل عرصے سے جوڑے کے طور پر دیکھے جا رہے تھے، تاہم دونوں نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی نظروں سے دور رکھا۔ ان کی شادی کو بھارتی شوبز انڈسٹری میں ایک خوشگوار اور نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
