پاکستان کے سینئرترین سول سرونٹس میں سے ایک اور تعلیم کے ممتاز ماہر مظہر الحق صدیقی کا کراچی میں انتقال ہو گیا۔
مظہر الحق صدیقی ہم نیٹ ورک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین تھے اور ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی کے بڑے بھائی بھی تھے ان کی تدفین کل کراچی میں کی جائے گی۔

مظہر الحق صدیقی نے حکومت پاکستان میں کئی اہم اور سینئر عہدوں پر خدمات انجام دیں، جن میں محکمہ تعلیم اور خزانہ کے سیکریٹری کے طور پر کام کرنا شامل ہے۔

وہ سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی رہے اور سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹس میں بھی اہم خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
اس کے علاوہ، مظہر الحق صدیقی سندھ مدرسہ بورڈ اور قائد اعظم پبلک اسکول کے چیئرمین بھی رہے، جہاں انہوں نے تعلیمی اصلاحات اور اداروں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
ان کی علمی خدمات اور تعلیمی اداروں میں رہنمائی کو ملکی تعلیمی شعبے میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کے انتقال سے نہ صرف ہم نیٹ ورک بلکہ پورے تعلیمی اور سول سروس کمیونٹی میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سینئر وزیر شرجیل میمن کا سندھ یونیورسٹی کے سابق وی سی مظہرالحق صدیقی کے انتقال پراظہارتعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظہرالحق صدیقی کا انتقال علمی، سماجی اور صحافتی حلقوں کیلئے بھی ایک بڑا نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک باوقار، شفیق اور اصول پسند شخصیت تھے، اپنی زندگی میں خدمت خلق کی مثال قائم کی اورغم کی اس گھڑی میں صدیقی خاندان کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا سابق وی سی سندھ یونیورسٹی مظہر الحق صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور انہوں نے کہا کہ ان کی وفات سے تعلیمی اور سماجی شعبہ ایک عظیم شخصیت سے محروم ہو گیا، مظہر الحق صدیقی ایک اصول پسند اور بلند پایہ انسان تھے اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا پاکستان کے سینئرترین سول سرونٹس میں سے ایک اور تعلیم کے ممتاز ماہر مظہرالحق صدیقی کے انتقال پراظہارافسوس اورسوگوارخاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا۔
