وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں ہزاروں اختلافات پائےجاتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان سب کا ایک چیز پر اتفاق ہے کہ عمران خان جیل میں رہیں۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں پاکستان تحریک انصاف اور خیبرپختونخوا حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی کے لیے “رہائی فورس” بنانے جا رہی ہے جب کہ دہشت گردوں کے خلاف زبان تک نہیں کھولے گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی شہدا کے جنازوں میں شرکت سے بھی گریز کرتی ہے، حالانکہ روزانہ پولیس اہلکار شہید ہو رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ترجیح اول و آخر صرف بانی پی ٹی آئی ہیں اور صوبے کے مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “وزارت اعلیٰ بچاؤ نمبر ٹانگو، صوبہ گیا بھاڑ میں” جیسی پالیسی اختیار کی گئی ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لیے وطن کی سلامتی کی کوئی وقعت نہیں، اور یہ کیسی سیاسی جماعت ہے جس کے اندرونی اختلافات سب کے سامنے ہیں۔
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں ، 34 خارجی دہشتگرد ہلاک
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مختلف گروپوں میں ہزاروں اختلافات پائے جاتے ہیں، تاہم ایک معاملے پر مکمل اتفاق ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پارٹی کے اندر لوگ ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے ہیں جبکہ باہر بیٹھے یوٹیوبرز کا دھندہ عروج پر ہے۔
