خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان احساس پیکج کے تحت 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کرتے ہوئے 10 لاکھ مستحق خاندانوں کو فی کس ساڑھے 12 ہزار روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم ذرائع کے مطابق امدادی پیکج میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اورعہدیداروں کیلئے مخصوص کوٹہ بھی مقرر کیا گیا ہے جس پرسیاسی حلقوں میں بحث شروع ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر رکن اسمبلی کیلئے پانچ پانچ ہزار افراد کا کوٹہ رکھا گیا ہے، اسی طرح پارٹی کے ایم این ایز اور حالیہ انتخابات میں ناکام امیدواروں کیلئے بھی مخصوص حصہ مقرر کیا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی رہائی تو دور کی بات، آج معالج بھی نہیں مل رہا، علی امین گنڈاپور
مزید برآں پی ٹی آئی کے تحصیل چیئرمین کیلئے ڈھائی ہزارافراد جبکہ خواتین ونگ، یوتھ ونگ اورآئی ایس ایف کے سربراہان کیلئے بھی پانچ پانچ ہزارافراد کا کوٹہ طے کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔
محکمہ سماجی بہبود کے مطابق امدادی رقم بینکوں کے ذریعے مستحقین تک پہنچائی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب صوبائی معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے اس حوالے سے باضابطہ مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔
