وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں پائیدار امن کا قیام پاکستان کا واضح مؤقف اور مشن ہے جبکہ آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام نہ صرف ناگزیر بلکہ فلسطینی عوام کا بنیادی حق ہے۔
واشنگٹن میں امریکی صدر Donald Trump کی زیر صدارت منعقدہ غزہ پیس بورڈ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس افتتاحی اجلاس میں شرکت ان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری کی مشترکہ کاوشوں سے غزہ میں مستقل اور دیرپا امن ممکن بنایا جا سکے گا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے آج کا دن تاریخ کا سنہری باب ثابت ہوسکتا ہے۔
بورڈ آف پیس اجلاس، ٹرمپ نے فیلڈ مارشل اور شہباز شریف پر تعریفوں کی برسات کر دی
انہوں نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو انکا جائزحق دیا جائے اور غزہ میں سیز فائر کی خلاف ورزیاں فوری طور پربند کی جائیں تاکہ خطے میں استحکام کی راہ ہموار ہو۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرٹرمپ نے کہا کہ اہداف اور اہمیت کے اعتبار سے غزہ پیس بورڈ کا کوئی متبادل نہیں اور اقوام متحدہ کو مؤثر اور قابلِ عمل بنانا ضروری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تنازعات کے حل میں صدر ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت سفارتی مداخلت سے پاک بھارت کشیدگی کم ہوئی اور جنوبی ایشیا کو ممکنہ بڑے تصادم سے بچایا گیا۔
