لندن: برطانوی پولیس نے بادشاہ چارلس کے بھائی اینڈریو ماؤنٹ بیٹن کو جیفری ایپسٹین سے تعلق کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
برطانوی اخبار کے مطابق برطانوی پولیس نے اختیارات کے غلط استعمال پر بادشاہ کے بھائی کو گرفتار کیا۔ اینڈریو ماؤنٹ بیٹن آج اپنی سالگرہ منا رہے تھے کہ پولیس نے ان کے گھر پر چھاپا مارا اور گرفتار کر لیا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اینڈریو کو امریکی سرمایہ کار جیفری ایپسٹین سے مبینہ تعلقات کی بنیاد پر تحویل میں لیا گیا۔ اس پیشرفت نے برطانوی شاہی خاندان میں ایک نئی ہلچل پیدا کر دی ہے۔
واضح رہے کہ شہزادہ اینڈریو ماضی میں بھی جیفری ایپسٹین سے روابط کے باعث تنازعات کا سامنا کر چکے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سابق شہزادے کو زیادہ سے زیادہ 96 گھنٹے تک حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔ تاہم اس کے لیے سینئر پولیس افسران اور مجسٹریٹس کی عدالت سے متعدد بار توسیع درکار ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: اماراتی وزیر اعظم کا رمضان پر بڑا اقدام، 1856 قیدیوں کی سزا معاف کر دی
واضح رہے کہ گزشتہ سال برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے اپنے بھائی پرنس اینڈریو کو ان کے باقی شاہی القابات سے محروم کر دیا تھا۔ اور جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ تعلقات پر انہیں شاہی رہائش گاہ سے بے دخل کر دیا گیا تھا۔
