پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتان اور پاک فوج کے ریٹائرڈ میجر حفیظ الدین احمد بنگلا دیش کی حکومت میں وزیر برائے امورِ آزادی جنگ مقرر ہو گئے۔ وہ ضلع بھولا کے حلقے سے چھٹی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں اور اس سے قبل بھی وزارت کا قلمدان سنبھال چکے ہیں۔
حفیظ الدین احمد حکمران جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے مرکزی رہنما ہیں اور ملکی سیاست میں ایک سرگرم اور نمایاں آواز سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نےوزیر اعظم طارق رحمان کے ہمراہ اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔وہ تیسری مرتبہ وزارت کے منصب پر فائز ہوئے ہیں۔
بنگلا دیش کے نومنتخب وزیر اعظم نے حلف اٹھا لیا
وزارت سنبھالنے والے حفیظ الدین احمد کا تعلق پیشہ ورانہ طور پر فوج اور کھیل دونوں شعبوں سے رہا ہے۔ وہ قیامِ بنگلا دیش سے قبل بھولا منتقل ہو گئے تھے۔ پاک فوج سے ریٹائرڈ میجر حفیظ الدین 1968 سے تین برس تک پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان بھی رہے اور اس دوران انہوں نے بین الاقوامی سطح پر ٹیم کی قیادت کی۔
کھیل کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں 2004 میں فیفا کی جانب سے ادارے کا اعلیٰ ترین اعزاز ’فیفا آرڈر آف میرٹ‘ دیا گیا، جو عالمی فٹبال میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔
تعلیمی اور عسکری پس منظر کے حوالے سے وہ ڈھاکا یونیورسٹی میں سابق وفاقی سیکریٹری سید انور محمود کے ہم کمرہ رہے، جبکہ پاک فوج میں ان کے کئی ساتھی افسران لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے 16ویں وار کورس سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے کورس کے بٹالین سینئر انڈر آفیسر بھی رہے۔
ڈھاکا میں اہم پیش رفت، احسن اقبال کی بنگلا دیشی وزیراعظم طارق رحمان سے ملاقات
دسمبر 2024 میں نجی دورے پر پاکستان آمد کے دوران انہوں نے اپنے سابق کورس میٹس سے ملاقاتیں کیں، جہاں ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل خطیر حسین نے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی، جبکہ لاہور اور اسلام آباد میں ان کے اعزاز میں خصوصی تقاریب بھی منعقد کی گئیں۔
