سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے ماہِ رمضان کے دوران صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے گیس فراہمی کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں روزانہ صبح 3 بجے سے رات 10 بج کر 30 منٹ تک گیس دستیاب ہوگی۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے اوقات میں گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے پیش نظر سپلائی کے نظام کو ازسرِنو ترتیب دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کیلئے رمضان کے نئے اوقاتِ کار جاری
ترجمان نے بتایا کہ نئے شیڈول کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ایس این جی پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل کا کہنا ہے کہ کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ صرف کھانا پکانے کے مخصوص اوقات تک گیس کی فراہمی محدود نہیں رکھی جائے گی بلکہ اعلان کردہ دورانیے کے دوران بلاتعطل سپلائی یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں صارفین کو درپیش مشکلات کو کم کرنا کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔
پاکستان میں رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا
ترجمان کے مطابق اگر کسی علاقے میں کم گیس پریشر یا سپلائی میں تعطل کی شکایت سامنے آئے تو صارفین فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر 1199 پر رابطہ کر کے اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری کارروائی کریں گی۔
کمپنی حکام کا مزید کہنا ہے کہ گیس کے متوازن استعمال اور ضیاع سے بچاؤ کے لیے صارفین کا تعاون بھی ناگزیر ہے تاکہ رمضان کے دوران سب کو بلا رکاوٹ سہولت فراہم کی جا سکے۔
