کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کوئٹہ اور بارکھان میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 14 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 8 ارکان ہلاک ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 3 اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جا رہا ہے لیکن اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
بارکھان میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی جس میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے، کارروائیاں بارکھان کے علاقے تنگ کاریڑ اور مرڑی وہ میں کی گئیں۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کی، ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ میں کالعدم تنظیم کیخلاف کارروائی پر سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سی ٹی ڈی بلوچستان نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر پولیس متحرک ، مظاہرین کو منتشر کرکے شاہراہیں کھلوا دیں
وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے سی ٹی ڈی کی کامیابیوں کو ستائش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، انہوں نے فائرنگ سے زخمی 3 اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی، امن دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
