راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرا دی گئی۔
ذراءع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرائی گئی۔
جیل ذرائع کے مطابق ملاقات 30 منٹ تک جاری رہی اور دونوں میاں بیوی کو کانفرنس روم میں بٹھایا گیا۔ بشریٰ بی بی نے اس دوران عمران خان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور دونوں نے آدھے گھنٹے تک ایک دوسرے سے حال احوال پوچھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما سید ذلفی بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آج اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آگاہ کیا کہ وہ اپنی آنکھ کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر عمران خان نے واضح کیا کہ ان کی اولین اور فوری ترجیح اپنے ذاتی معالجین سے ہنگامی بنیادوں پر معائنہ کروانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا
اس سلسلے میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے پرسنل ڈاکٹرز، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم حسین کے ساتھ فوری طور پر ایمرجنسی میٹنگ کا انتظام کیا جائے۔ تاکہ ان کی آنکھ کا مکمل طبی معائنہ اور ضروری علاج بروقت ممکن بنایا جا سکے۔
