وزارت تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ نے رواں سال کے لیے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ ملک بھر میں زکوٰۃ کی منظم وصولی اور مستحق افراد تک فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایڈمنسٹریٹر جنرل زکوٰۃ نے رواں سال کے لیے زکوٰۃ کا نصاب 5 لاکھ 3 ہزار 529 روپے مقرر کیا ہے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر یکم رمضان المبارک کو اکاؤنٹ میں موجود رقم اس مقررہ حد سے کم ہوگی تو اس پر زکوٰۃ لاگو نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی کٹوتی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ زکوٰۃ ختم کرنے کا اعلان کر دیا
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ یکم رمضان المبارک کو سیونگ اکاؤنٹس اور نفع و نقصان میں شراکت دار اکاؤنٹس سے زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق کٹوتی کی گئی رقم بعد ازاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں قائم سینٹرل زکوٰۃ اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی تاکہ اسے سرکاری طریقہ کار کے تحت مستحق افراد تک پہنچایا جا سکے۔
اسلام آباد کے زکوٰۃ فنڈ میں کروڑوں روپے کے غبن کا انکشاف
یکم رمضان المبارک کے روز تمام مالیاتی ادارے عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے تاکہ زکوٰۃ کٹوتی کے عمل کو منظم طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق زکوٰۃ کا یہ نظام معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کی مالی مدد کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کے ذریعے غربت کے خاتمے میں مدد ملتی ہے۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹس اور مالی معاملات کے حوالے سے بروقت معلومات حاصل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ زکوٰۃ کٹوتی کا یہ نظام پاکستان میں کئی سالوں سے نافذ ہے اور ہر سال مالیاتی صورتحال اور شرعی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نصاب کا اعلان کیا جاتا ہے۔
