ویانا: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور تحفظ فراہم کرے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے آسٹریا بزنس فورم میں شرکت کرتے ہوئے وہاں کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ خصوصاً توانائی، آئی ٹی، زراعت، قابل تجدید توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور تحفظ فراہم کرے گی۔ فورم میں شرکت سے پاکستان اور آسٹریا کے اقتصادی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہو گا۔
وزیر اعظم نے قابل تجدید توانائی اور کان کنی کے شعبے میں آسٹریا کے تعاون کو سراہا۔ اور کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر کے ساتھ ان کی ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوئیں۔ جو نہایت مثبت اور تعمیری رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اور حکومت آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر آئی ٹی تعلیم و تربیت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ جبکہ نوجوانوں کی ترقی کے لیے مختلف منصوبے بھی شروع کیے گئے ہیں۔
