لاہور، پاکستان کی سینئراداکارہ عابدہ بیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے اپنی مشکلات بیان کردیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں انہیں آبدیدہ دیکھا جاسکتا ہے جہاں وہ شدید پریشانی کے عالم میں حکومتی نمائندوں سے تعاون کی درخواست کر رہی ہیں۔
کلاسک ڈرامہ سونا چاندی میں “چاندی” کے کردارسے شہرت حاصل کرنے والی عابدہ بیگ نے کہا کہ انہوں نے 35 سال فن کی خدمت کی جبکہ ان کے مرحوم شوہرمرزا رشید اختر نے بھی چاردہائیوں تک شوبز انڈسٹری میں کام کیا۔
جنوبی کوریا کے معروف اداکار کا اچانک انتقال، آخری پوسٹ میں چھپا پیغام وائرل
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں گھریلو مشکلات کے باوجود وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیتی رہیں، حتیٰ کہ گھر میں میت موجود ہونے کے باوجود شو پر جانا پڑا مگرآج وہ خود شدید مالی بحران کا سامنا کررہی ہیں۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے سر سے گھر کی چھت چھین لی گئی ہے اور وہ اپنے دو بچوں اور پوتے پوتیوں کے ساتھ مشکلات میں زندگی گزار رہی ہیں،ان کے مطابق موجودہ آمدن اتنی نہیں کہ وہ کرائے کے مکان میں رہ سکیں۔
عابدہ بیگ نے مریم نواز سے اپیل کی کہ وہ انہیں ملاقات کا موقع دیں اوران کے واحد اثاثے یعنی گھرکے مسئلے کوحل کرنے میں مدد کریں، انہوں نے وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری سے بھی درخواست کی کہ ان کی آوازاعلیٰ حکام تک پہنچائی جائے۔
اداکارہ نے کہا کہ اگرخواتین حکومت کی ریڈ لائن ہیں تو ایک فنکارہ ہونے کے ناطے انہیں بھی انصاف اور سہارا فراہم کیا جائے۔
