معروف امریکی اداکار اور مقبول ٹی وی سیریز ڈاسنز کریک کے اسٹار جیمز وان ڈیر بیک (James David Van Der Beek)48 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ اداکار طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور بالآخر زندگی کی جنگ ہار گئے۔
View this post on Instagram
اداکار کے اہل خانہ نے ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے مداحوں کو افسوسناک خبر دی۔ اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جیمز ڈیوڈ وان ڈیر بیک آج صبح انتقال کرگئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اداکار نے اپنی زندگی کے آخری ایام انتہائی حوصلے، ایمان اور وقار کے ساتھ گزارے۔
اہل خانہ نے مداحوں اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔ جیمز وان ڈیر بیک نہ صرف ایک کامیاب اداکار تھے بلکہ ایک محبت کرنے والے شوہر، والد اور دوست کے طور پر بھی جانے جاتے تھے۔ ان کی اچانک وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر سے مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جیمز وان ڈیر بیک آنتوں کے کینسر (کولو ریکٹل کینسر) کا شکار تھے اور انہیں اس بیماری کی تشخیص 2023 میں ہوئی تھی، جس کے بعد وہ علاج کروا رہے تھے۔ بیماری کے باوجود وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے اور مداحوں سے رابطے میں رہے۔
معروف بھارتی موسیقار ایس پی وینکٹیش دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے
جیمز وان ڈیر بیک نے ہالی ووڈ میں اپنی اداکاری کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہیں خاص طور پر نوجوانوں میں بے حد مقبولیت حاصل تھی۔ ان کی وفات کو شوبز انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے جبکہ مداح انہیں ان کی شاندار اداکاری اور یادگار کرداروں کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
