ہالی ووڈ کی مشہور کامیڈی اداکارہ کیتھرین او ہارا 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہالی ووڈ کی معروف کامیڈی کوئین اور مشہور ٹی وی سیریز شٹز کریک کی اداکارہ کیتھرین او ہارا امریکی شہر لاس اینجلس میں انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر 71 سال تھی۔
ذرائع کے مطابق کیتھرین او ہارا گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھیں۔ اور انہوں نے اپنے گھر میں ہی آخری سانس لی۔ ان کی بیماری سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ تاہم ان کی وفات کی خبر سے ہالی ووڈ اور شوبز انڈسٹری میں سوگ کی فضا قائم ہوگئی۔
کیتھرین او ہارا نے تقریباً 5 دہائیوں تک شوبز انڈسٹری پر راج کیا۔ انہوں نے 1970 کی دہائی میں مشہور کامیڈی پلیٹ فارم سیکنڈ سٹی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ جہاں ان کی ملاقات یوجین لیوی سے ہوئی جو بعد میں ان کے قریبی ساتھی بنے۔
وہ فلم “ہوم ایلون” اور “ہوم ایلون 2” میں کیون میکلسٹر کی والدہ کے کردار سے دنیا بھر میں پہچانی گئیں، جبکہ “بیٹ لی جوائس” میں ان کی اداکاری کو بھی بے حد سراہا گیا۔ حالیہ برسوں میں انہیں نئی نسل میں بھی بے پناہ مقبولیت ملی اور کئی عالمی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف اداکارہ مارگوٹ رابی کے ہیرے کا ہار تنازع کا سبب بن گیا، وجہ سامنے آ گئی
ان کی وفات پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
