بھارتی فلم انڈسٹری کے کنڑ اداکار مایور پٹیل کو بنگلورو میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے اور خوفناک ٹریفک حادثے کا سبب بننے پر پولیس نے گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد پولیس نے اداکار کی فورچیونر ایس یو وی ضبط کر لی جبکہ متاثرہ ڈرائیورز کی شکایات پر باقاعدہ مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ منگل کی رات تقریباً 10 بجے اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر کمانڈو اسپتال سگنل کے قریب پیش آیا، جہاں مایور پٹیل مبینہ طور پر نشے کی حالت میں اپنی گاڑی چلا رہے تھے۔
اداکار نے ٹریفک سگنل پر کھڑی ایک گاڑی کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں چین ری ایکشن ہوا اور مزید چار گاڑیاں بھی حادثے کی زد میں آ گئیں۔ متاثرہ گاڑیوں میں دو سوئفٹ ڈزائر اور ایک سرکاری گاڑی شامل تھیں۔
صاحبہ افضال نے شوہر کے ساتھ اپنی محبت بھری دلچسپ یادیں شیئر کر دیں
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور اداکار کا بریتھ الائزر ٹیسٹ کیا گیا، جس کا نتیجہ مثبت آیا اور شراب نوشی کی تصدیق ہوئی۔
ایک پولیس اہلکار کے مطابق اداکار نشے کی حالت میں گاڑی چلا رہا تھا، جس کے باعث سڑک پر موجود متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حادثے کے بعد مایور پٹیل نے متاثرہ گاڑیوں میں سے ایک کے مالک سے تلخ کلامی بھی کی، ہلاسورو ٹریفک پولیس اسٹیشن میں ڈرنک اینڈ ڈرائیو سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مایور پٹیل اداکاری کے ساتھ ساتھ پروڈکشن، ڈائریکشن، گلوکاری اور میوزک کمپوزیشن کے شعبوں میں بھی کام کر چکے ہیں۔
