لاس اینجلس: سوشل میڈیا اسٹار اور غیر منافع بخش تنظیم بیوٹی ٹو دی اسٹریٹز کی بانی شیرلے رینز 58 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شیرلے رینز جنہیں ٹک ٹاک پر 50 لاکھ سے زائد فالوورز “مس شیرلے” کے نام سے جانتے تھے۔
شیرلے رینز کیلیفورنیا اور نیواڈا کے مختلف شہروں میں بالخصوص لاس اینجلس کے اسکڈ رو علاقے میں بے گھروں کو کھانا، بیوٹی ٹریٹمنٹس اور حفظان صحت کا سامان فراہم کرتی تھیں۔
شیرلے رینز نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک بڑے صدمے کو سماجی خدمت میں بدل دیا۔ ان کا ایک بیٹا بچپن میں انتقال کر گیا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے 2017 میں بے گھروں کی مدد کا مشن شروع کیا۔
وہ اپنے کلائنٹس سے احترام اور محبت کے ساتھ پیش آتیں اور انہیں ’کنگ‘ اور ’کوئین‘ کہہ کر مخاطب کرتی تھیں۔ جس سے ان میں خود اعتمادی اور وقار کا احساس پیدا ہوتا تھا۔
لاس اینجلس میں بے گھری ایک سنگین مسئلہ ہے۔ جہاں 2025 کے سروے کے مطابق ہر رات تقریباً 72 ہزار افراد بے گھر ہوتے ہیں۔ شیرلے رینز نے نہ صرف ضرورت مندوں کی فوری مدد کی بلکہ انہیں روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے تاکہ وہ خود مختار اور باعزت زندگی گزار سکیں۔
View this post on Instagram
شیرلے رینز کو ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں 2025 میں این اے اے سی پی امیج ایوارڈ برائے شاندار سوشل میڈیا پرسنالٹی سے نوازا گیا تھا۔ ان کے انتقال پر سوشل میڈیا پر مختلف شخصیات اور صارفین نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’’محبت کی عملی تصویر‘‘ قرار دیا۔
شیرلے رینز کے 6 بچے ہیں۔ جن میں ایک بیٹا بچپن میں انتقال کر گیا تھا۔ ان کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
