اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف کے بانی چئیرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ آٹھ فروری کو پورا ملک بند ہوگا اور عوام احتجاج کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن کے ووٹ چوری ہوئے ہیں، وہ اپنے حق کے لیے آواز اٹھائیں گے اور اپنا چوری شدہ ووٹ واپس مانگیں گے۔
علیمہ خان نے خبردارکیا کہ عمران خان کا نام لینے پراہلکاروں کی حالت خراب ہو جاتی ہے اورانکے کارکنان پر تشدد کیا جاتا ہے۔
عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے بتایا کہ گزشتہ رات اڈیالہ کے باہر ایک چھوٹے بچے نے عمران خان کا نام لیا تواسے پکڑ لیا گیا جبکہ پولیس اہلکار بار بار انہیں یقین دہانی کراتے رہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔
عمران خان کو کون کون سی کتابیں فراہم کر دی گئیں؟ جانیں
انہوں نے کہا کہ پولیس کارکنان کو تشدد اورگرفتاریوں کا نشانہ بنا رہی ہے اور بانی پی ٹی آئی کے نام لینے پرحالات مزید بگڑجاتے ہیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ اڈیالہ روڈ پر ریلی کے دوران 400 پولیس اہلکار موجود تھے اور نجم نامی بچے نے بانی کی رہائی کا نعرہ لگایا تو پولیس نے بدترین لاٹھی چارج کیا۔
کارکنان پر تشدد اور خواتین کے ساتھ کھینچا تانی کی گئی۔ علیمہ خان نے واضح کیا کہ ان کی جدوجہد جاری رہے گی اور عوام اپنا حق لے کر رہیں گے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کررہے ہیں اوراسلام آباد کی جانب مارچ کرنے پر پولیس کی جانب سے خوفزدہ ردعمل سامنے آیا۔
