اطالوی فیشن انڈسٹری کے عظیم نام، عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنر ویلینٹینو گاراوانی 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق پیر کے روز ویلینٹینو فاؤنڈیشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری بیان کے ذریعے کی۔
بیان کے مطابق ویلینٹینو گاراوانی نے روم میں اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی، جہاں وہ اپنے قریبی عزیزوں کے ہمراہ موجود تھے۔
ویلینٹینو کو دنیا بھر میں صرف ان کے پہلے نام سے ہی پہچانا جاتا تھا۔ وہ فیشن کی اس سنہری نسل سے تعلق رکھتے تھے جس نے فیشن کو ایک فن کے طور پر منوایا۔

انہوں نے نہ صرف ایک کامیاب فیشن برانڈ قائم کیا بلکہ ایک ایسا بزنس ایمپائر بھی کھڑا کیا جو آج بھی دنیا کے بڑے لگژری ناموں میں شمار ہوتا ہے۔
ویلینٹینو گاراوانی نے 2008 میں عملی طور پر فیشن کی دنیا سے ریٹائرمنٹ اختیار کی تھی، تاہم ان کا اثر آج بھی عالمی رن ویز اور ڈیزائننگ اسکولز میں نمایاں نظر آتا ہے۔
فیشن کی دنیا میں ان کی سب سے بڑی پہچان ’ویلینٹینو ریڈ‘ ہے، ایک مخصوص سرخ رنگ جسے انہوں نے عالمی فیشن میں متعارف کروایا اور جو بعد ازاں ان کی شناخت بن گیا۔
فاؤنڈیشن کے مطابق ویلینٹینو کی میت کو بدھ اور جمعرات کو عوامی دیدار کے لیے رکھا جائے گا، جبکہ ان کی آخری رسومات جمعہ کے روز روم میں صبح 11 بجے ادا کی جائیں گی۔

ویلینٹینو کو فیشن کے ان عظیم ڈیزائنرز میں شمار کیا جاتا ہے جو اس دور سے تعلق رکھتے تھے جب فیشن خالصتاً تخلیقی صلاحیت، ہاتھ کی کاریگری اور ذاتی وژن کا نام تھا۔ انہیں جارجیو آرمانی اور کارل لیگر فیلڈ کے ہم پلہ سمجھا جاتا تھا۔ کارل لیگر فیلڈ 2019 میں انتقال کر گئے تھے، جبکہ جارجیو آرمانی کا انتقال گزشتہ برس ستمبر میں ہوا۔

ویلینٹینو کی وفات کے ساتھ ہی فیشن کی دنیا کا ایک شاندار باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا، تاہم ان کا نام، انداز اور تخلیقی ورثہ آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔
