انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی بروقت مداخلت کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی بیک گراؤنڈ رکھنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بھارتی ویزوں کے اجرا کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی مرحلے میں انگلینڈ کی ٹیم سے تعلق رکھنے والے تین معروف کرکٹرز عادل رشید، ریحان احمد اور ثاقب محمود کو بھارتی ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔
انجری کا شکار شاہین آفریدی کی حالت اب کیسی ہے؟ کیا ورلڈ کپ کھیل پائینگے؟
ذرائع کے مطابق آئی سی سی بھارتی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان تمام 42 کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مکمل معاونت فراہم کر رہی ہے جن کا تعلق پاکستان سے ہے یا جن کا بیک گراؤنڈ پاکستانی ہے اور وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا سفر کرنے والے ہیں۔
ویزا کے معاملے پر پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں میں تشویش پائی جاتی تھی، تاہم آئی سی سی کی مداخلت کے بعد پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹرز کو ویزے ملنے کے بعد دیگر ممالک کی ٹیموں میں شامل پاکستانی نژاد کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بھی جلد بھارتی ویزے جاری کیے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
آئی سی سی حکام کا مؤقف ہے کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ میں کسی بھی کھلاڑی کو سفری یا انتظامی مسائل کا سامنا نہیں کرنا چاہیے اور تمام ٹیموں کو یکساں سہولیات فراہم کرنا میزبان ملک کی ذمہ داری ہے۔
مضبوط بولنگ اٹیک؛ بنگلا دیش نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا اور واضح کیا کہ ویزوں میں تاخیر ایونٹ کے شیڈول اور تیاریوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ بھارتی حکام نے بھی تعاون کا یقین دلایا ہے اور مرحلہ وار ویزوں کے اجرا کا عمل جاری ہے۔
یاد رہے مختلف ممالک کی کرکٹ ٹیموں میں پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی اس ایونٹ کا حصہ ہے۔ آئی سی سی کی کوششوں کے بعد اب توقع کی جا رہی ہے کہ تمام متعلقہ کھلاڑی اور آفیشلز بروقت ویزے حاصل کر کے ورلڈ کپ میں شرکت کر سکیں گے۔
