بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں فاسٹ بولرز مستفیض الرحمان اور تسکین احمد بولنگ اٹیک کی قیادت کریں گے۔
اتوار کو جاری کردہ اسکواڈ میں بیٹر جاکر علی کو خراب کارکردگی کے باعث شامل نہیں کیا گیا۔
تسکین احمد دسمبر میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ٹیم کا حصہ نہیں تھے کیونکہ وہ ابو ظہبی ٹی ٹین لیگ میں مصروف تھے، تاہم اب وہ قومی ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔ تسکین اب تک 86 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 106 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
فاسٹ بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں مستفیض اور تسکین کے ساتھ تنزیم حسن، شوریف الاسلام اور محمد سیف الدین شامل ہیں، جبکہ اسپن بولنگ کی ذمہ داری رشاد حسین، نسیم احمد اور مہدی حسن سنبھالیں گے۔
بنگلا دیش کی ورلڈ کپ میچز بھارت سے منتقل کرانے کی خبریں، بی سی سی آئی کا ردعمل آ گیا
بیٹنگ میں لٹن داس ٹیم کی قیادت کریں گے اور ان کے ساتھ تنزید حسن اور سیف حسن رنز بنانے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ اسکواڈ سے باہر ہونے والے جاکر علی کا 2025 کا سال مایوس کن رہا، جہاں انہوں نے 26 ٹی ٹوئنٹی میچز میں صرف 378 رنز بنائے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے۔ اسکواڈ کے اعلان سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اپنے میچز بھارت سے باہر منتقل کروانے پر غور کر رہا ہے، جس کی وجہ حالیہ دنوں میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل ٹیم سے ریلیز کیا جانا بتایا گیا تھا۔
بنگلہ دیش گروپ سی میں شامل ہے اور گروپ مرحلے میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور اٹلی کے خلاف کولکتہ میں میچز کھیلے گا، جبکہ آخری گروپ میچ نیپال کے خلاف ممبئی میں ہوگا۔ بنگلہ دیش اپنے ورلڈ کپ مہم کا آغاز 7 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گا۔
بنگلہ دیش اسکواڈ:
لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین ایمون، سیف حسن، توحید ہردوئے، شمیم حسین، قاضی نورالحسن سوجن، مہدی حسن، رشاد حسین، نسیم احمد، مستفیض الرحمان، تنزیم حسن ساقب، تسکین احمد، سیف الدین، شوریف الاسلام

