العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی


اسلام آباد: نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

منگل کے روز سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جگہ معاون وکیل سعد ہاشمی پیش ہوئے، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ان سے کہا کہ آپ کی دونوں درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ بھیج دی تھیں، سعد ہاشمی نے جواب دیا کہ ہم نے بھی ریفرنس دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔

جج محمد بشیر نے کہا کہ سنا ہے وزارت قانون نے بھی جیل ٹرائل کا کہا ہے، وکیل سعد ہاشمی نے بتایا کہ انہیں یہ نوٹیفکیشن نہیں ملا۔

نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں شریف فیملی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں۔

فاضل جج نے کہا کہ شام تک ہائیکورٹ سے بھی فیصلہ آ جائے گا، کل خواجہ حارث بھی موجود ہوں گے، ان سے جیل ٹرائل اور دیگر دو ریفرنسز کے حوالے سے معاملات طے کر لیں گے۔

پیر کے روز احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت سے معذرت کر لی تھی، انہوں نے اس سلسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھا تھا جس میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کو دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے، ان کا کہنا تھا چونکہ وہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کرچکے ہیں اس لیے مزید ریفرنسز کی سماعت نہیں کر سکتے۔


متعلقہ خبریں