کینیا کے میراتھن رنر ڈیوڈ برائن اور ایتھوپیا کی سلیمی پاکستانیوں اور پاکستانی کھانوں کے گرویدہ ہو گئے۔
ایتھوپیا کی رنر سلیمی نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان پہلی مرتبہ آئی ہوں ، میں یہاں کے کلچر اور لوگوں سے سے بہت متاثر ہوں ، پاکستان ہمارے دوسرے گھر جیسا ہے۔ پاکستان اور ایتھوپیا کے کلچر میں بہت زیادہ مماثلت ہے۔ ہمارا ایئرپورٹ پر زبردست استقبال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج وہ جانے سے پہلے پاکستان کا پراٹھا لازمی چکھیں گے ، انہوں نے ایک بار پھر پاکستانی کھانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کھانوں کے دیوانے ہو چکے ہیں۔
کینیا کے کوچ اور رنر ڈیوڈ برائن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاکستان میں بہت سارے دوست ہیں ، پاکستان آنے سے پہلے ہمارے ذہن میں حفاظت کے حوالے سے سوال تھا لیکن یہاں پہنچ کر تمام دوستوں نے گرمجوشی سے استقبال کیا۔
ڈیوڈ برائن نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں بعض لوگ منفی تاثر رکھتے ہیں لیکن یہاں آ کر محسوس ہوا کہ یہ بہت زبردست جگہ ہے اور پاکستان کے لوگ بہت اچھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے کھانے بھی بہت مزیدار ہیں ،ہم نے یہاں بریانی کھائی ، مجھے روٹی اچھی لگی ہے مجھے روٹی بہت پسند ہے ، میں نے دال کیساتھ پراٹھا کھایا ہے مجھے روٹی اور پراٹھے کیساتھ دال بہت پسند ہے۔ میں پیر محمد شاہ کو پاکستان میں اسپورٹس کے فروغ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
برائن نے کہا کہ کینیا ، ایتھوپیا اور دنیا کے دیگر ممالک میں اسپورٹس اپنے عروج پر ہے ، تو پاکستان میں ایسا کیوں نہیں ہو سکتا ، انہوں نے ڈی آئی جی کی کاوشوں اور وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں اسپورٹس کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پرعزم ہیں۔
واضح رہے سکھر میں تاریخی “لوک ساہیتھا انٹرنیشنل میراتھن” کا انعقاد ہوا، جس کا تھیم “دی ہوپ رن” تھا اور اس میں 3,000 سے زائد شرکاء نے حصہ لیا۔
میراتھن میں 10 ممالک کے 28 اعلیٰ درجے کے بین الاقوامی کھلاڑی شامل تھے۔ مراکش کے علی یوسف عبدالماجد نے مردانہ میراتھن میں جیتا۔
جبکہ کینیا کی میونی موتوکو نے خواتین کی 10 کلومیٹر دوڑ 40:25 میں مکمل کی۔ میراتھن کے دوران سکھر کے مشہور مقامات سے راستہ گزرا اور سٹارٹ لائن پر 100 فٹ لمبا لہراتا پاکستانی پرچم قومی جذبے کو اجاگر کرتا رہا۔
