ایرانی آرمی چیف کی جنرل باجوہ سے ملاقات


راولپنڈی: ایرانی فوج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں پاک  فوج  کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔

پاک آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ اپنے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو آئے اور پاکستان فوج کے سربراہ جنر ل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی آرمی چیف نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں ممالک میں دفاعی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان فوجی تعاون خطے میں امن کا باعث بنے گا۔

جنرل باقری اعلی سطح  کے وفد کے ہمراہ اتوار کے روز پاکستان پہنچے تھے، ذرائع کے مطابق وہ اپنے دورے کے دوران پاک ایران فوجی تعاون، داعش کے خطرے، پاک ایران سرحد پر سلامتی کے بندوبست اور خطے کی صورتحال پر غیررسمی مذاکرات کریں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ برس نومبر میں اپنے دورہ ایران کے دوران جنرل باقری کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔

جنرل باقری اپنے دورے کے دوران صدر ممنون حسین اور نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں