ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور فلم ساز روب رائنر کے لاس اینجلس میں واقع گھر سے ایک مرد اور ایک خاتون کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مقامی میڈیا نے اتوار کے روز اس واقعے کی اطلاع دی، تاہم روئٹرز آزادانہ طور پر ان رپورٹس کی فوری تصدیق نہ کر سکا۔
لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار کے مطابق مغربی لاس اینجلس میں واقع ایک رہائشی مکان سے 78 سالہ مرد اور 68 سالہ خاتون کی لاشیں ملی ہیں۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق یہ پتہ ہالی ووڈ اسٹار روب رائنر سے منسلک بتایا جا رہا ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مرنے والے افراد کون تھے اور ان کی ہلاکت کی وجہ کیا تھی۔ پولیس اور متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ روب رائنر کا شمار ہالی ووڈ کی نامور شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ 1970 کی دہائی کے مشہور امریکی ٹی وی کامیڈی شو آل ان دی فیملی میں اداکاری کر چکے ہیں، جبکہ انہوں نے دس اِز اسپائنل ٹیپ، وین ہیری میٹ سیلی، اسٹینڈ بائی می اور دی امریکن پریذیڈنٹ جیسی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری بھی کی ہے۔
