لندن: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانے کا اعلان کر دیا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کا لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روڈ شو منعقد ہوا جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی۔
محسن نقوی، رمیز راجا، وسیم اکرم اور سلمان نصیر نے پینل گفتگو کی، سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی ترویج کیلئے بھر پور کردار ادا کر رہا ہے، لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کامیاب تقریب کے انعقاد پر خوشی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شائقین کرکٹ میدان میں اچھے کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ، آسٹریلیا ناقابل تسخیر رہتے ہوئے پہلی پوزیشن پر براجمان
سابق کپتان و معروف کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کے شائقین کرکٹ کیلئے تفریح کے اچھے مواقع فراہم کر رہی ہے، پاکستان سپر لیگ میں مقامی ٹیلنٹ کو موقع دے رہے ہیں۔
رمیز راجا نے کہا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ کے کھیل کو فروغ مل رہا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ تمام پاکستانیوں اور نوجوان کرکٹرز کیلئے قابل فخر لمحہ ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ مشترکہ طور پر کر کٹ کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا چاہتے ہیں، ہمارے قومی کرکٹرز میں بہت صلاحیت موجود ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملتا ہے، کھلاڑیوں کو ملنے والے انعامات سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ہم نے کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کیا، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے۔
بابر اعظم، حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان بھی پینل گفتگو میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر بابراعظم نے کہا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا اعزاز کی بات ہے، پی ایس ایل کیساتھ ہمیشہ سفر بہت اچھا رہا۔
سابق کپتان بابراعظم نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں نے ہمیشہ میری رہنمائی کی ہے، اپنے تجربات سے نوجوان کھلاڑیوں کو آگاہ کرتا رہتا ہوں، سینئر کھلاڑی اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ اپنے کھیل پر توجہ دی ہے۔
سلمان علی آغا کا اسکواڈ میں تبدیلی اور بابراعظم کے بارے میں بڑا دعویٰ
صاحبزادہ فرحان نے اس موقع پر کہا کہ پی ایس ایل میں سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے، پاکستان سپر لیگ کھیل کو نکھارتی ہے، بابر اعظم جیسے سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے، انہوں نے کہا کہ میں 17 سال سے کھیل رہا ہوں، لوگوں نے اب پہچاننا شروع کیا ہے۔
حارث رؤف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سپر لیگ ہمارے لیے زندگی کا حصہ ہے، ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے میری زندگی میں اہم موڑ کا کردار ادا کیا۔
