راولپنڈی: ٹرانسپورٹرز نے ترمیم شدہ ٹرانسپورٹ آرڈیننس اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانوں کے خلاف ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے ٹرانسپورٹرز نے بھی 8 دسمبر کو پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ یونائیٹڈ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا کہ کل پیر کو تمام بس اڈے بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پورے پنجاب میں ہو گی اور ممکن ہے یہ ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے۔ حکومت کو ٹرانسپورٹرز کی مشکلات کو سمجھنا چاہیے۔ 25 ہزار روپے کمانے والے موٹر سائیکل سوار پر 2 ہزار روپے کا جرمانہ لگانا ناانصافی ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی پاکستان یونائیٹڈ ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
ٹرانسپورٹرز رہنماؤں نے 8 دسمبر کو تمام ٹرمینلز مکمل طور پر بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے قوانین اور جرمانے قابل مذمت ہیں۔ اور یہ ٹرانسپورٹرز پر غیرضروری بوجھ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پھیلائے گئے پراپیگنڈہ نے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو فائدہ پہنچایا، ڈی جی آئی ایس پی آر
رہنماؤں نے قوانین میں ترمیم کو ٹرانسپورٹرز کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ظالمانہ اقدامات واپس لے۔ حکومتی فیصلوں میں عوامی مفاد کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔
