راولپنڈی: وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ یہاں ایک ایسی مخلوق بھی ہے جو کہتی ہے اقتدار ملے گا تو وہ پاکستان زندہ باد کہیں گے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قوم اور پاک افواج پرعزم ہیں۔ مسلح افواج نے معرکہ حق میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ اور بھارت اپنے زخم آج بھی چاٹ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پراکسیز کے ذریعے کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اور خود ہمارے اپنے لوگ اس کا آلہ کار ہیں۔ مجھے 25 سال قید ہوئی لیکن کبھی پاکستان کا برا نہیں سوچا۔ اس مملکت خداداد پاکستان میں اللہ نے ہمیں عزت دی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ 10 مئی کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر بڑی پذیرائی ملی۔ مقبوضہ کشمیر، چین اور بنگلا دیش میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں ایک ایسی مخلوق ہے جو کہتی ہے اقتدار ملے گا تو وہ پاکستان زندہ باد کہیں گے۔ پاکستان ہر سندھی، بلوچی، پختون، پنجابی اور سرائیکی کا بھی ہے۔ اور ہم ان 6 لوگوں کو اس وقت مانیں گے جب یہ پہلے پاکستان کی بات کریں گے۔ لیکن اگر ان میں سے کوئی بھی پاکستان کو مقدم نہیں رکھے گا تو ہم اس کو نہیں مانتے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے بعد پنجاب میں بھی بچہ مین ہول میں گر کر جاں بحق
وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان میں بڑے بڑے لوگوں کو بڑی بڑی سزائیں ہوئیں لیکن کسی نے پاکستان کی برائی نہیں کی۔
