شفاف الیکشن نہ ہوئے تو پاکستان کو نقصان پہنچے گا، شہباز شریف


کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگرشفاف الیکشن نہ ہوئے تو پاکستان کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری سب سے بڑی ضرورت شفاف الیکشن کا انعقاد ہے۔

کوئٹہ میں ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی نگراں حکومت پی ٹی آئی کی حمایت نہ کرے۔ انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو صرف باتیں کرنا آتی ہیں۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے سربراہ کو مشورہ دیا کہ عمران خان کو باتیں کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے بھائی کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کا دن پاکستان کی قسمت کا فیصلہ کرے گا اور اسی روز عوام کا فیصلہ بھی آئے گا۔

انہوں نے سانحہ مستونگ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو ہرصورت قرار واقعی سزا ملنی چاہیے تاکہ مزید ایسے سانحات رونما نہ ہوں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے کہا کہ دھماکوں اور دہشت گردی کا مقصد ملک میں بدامنی پھیلانا اور الیکشن میں خلل ڈالنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دشمنوں کو ان کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ مستونگ کے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔


متعلقہ خبریں