وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ستھرا پنجاب کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے بڑے فیصلے کیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو کوڑے کرکٹ سے توانائی پیدا کرنے کا جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صفائی کا اتنا بڑا اور مربوط نظام کسی معجزے سے کم نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سطح کا نظام برسوں پہلے ہونا چاہیے تھا لیکن ہم نے صفر سے آغاز کیا اور آج اس منصوبے میں نمایاں بہتری آرہی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو اڈیالہ جیل میں داخلے سے روک دیا گیا
کمرشل علاقوں اور سڑکوں پر کوڑا پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا جبکہ صفائی کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو مرحلہ وارماحول دوست الیکٹرک وہیکلزمیں تبدیل کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروجیکٹ کو شہریوں کی جانب سے جو مثبت فیڈ بیک مل رہا ہے وہ حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے کے تحت شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی صفائی کے یکساں معیار کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ پنجاب کو جدید، صحت مند اورصاف ترین صوبہ بنایا جا سکے۔
