سابق انگلش کرکٹر رابن اسمتھ(Robin Smith) 62 برس کی عمر میں انتقال کر گئے،وہ 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
کرک انفو کے مطابق انگلینڈ کے سابق بیٹر رابن اسمتھ، جو 1980 اور 90 کی دہائی کے تیز رفتار بولرز کے سامنے ڈٹ جانے کے لیے مشہور تھے، آسٹریلیا میں اپنے گھر پر 62 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
سینئر کرکٹر دل کا جان لیوا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے
خاندانی بیان کے مطابق اسمتھ پیر کی صبح جنوبی پرتھ کے اپارٹمنٹ میں اچانک انتقال کر گئے، جبکہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم سے معلوم ہوگی۔
اہلخانہ نے کہا:
“رابن کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی ذہنی صحت اور شراب نوشی سے متعلق جدوجہد سب پر واضح ہے، مگر موت کی وجہ کے بارے میں اندازے لگانے سے گریز کیا جائے۔ یہ ہمارے لیے نہایت مشکل وقت ہے اور ہم پرائیویسی کے متمنی ہیں۔”
ای سی بی چیئرمین رچرڈ تھامسن نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا:
“رابن اسمتھ دنیا کے خطرناک ترین فاسٹ بولرز سے مسکراتے ہوئے مقابلہ کرتے تھے۔ وہ جدید دور سے پہلے کا جدید بیٹر تھے، جنہوں نے انگلش کرکٹ کو بے شمار یادیں دیں۔”
کیرئیر پر ایک نظر
اسمتھ نے 1988 سے 1996 تک انگلینڈ کی جانب سے 62 ٹیسٹ کھیلے اور 4,236 رنز 43.67 کی اوسط سے اسکور کیے، جن میں نو سنچریاں شامل تھیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کی کئی یادگار اننگز آج بھی شائقینِ کرکٹ کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر وزیر محمد انتقال کر گئے
ان کا مشہور ترین اسٹروک فرنٹ فٹ اسکوائر کٹ تھا، جسے دنیائے کرکٹ کے تیز ترین شاٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ 1990 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیریبین میں انگلینڈ کی تاریخی فتح میں اسمتھ کا کردار نمایاں تھا۔ اسی طرح 1991 اور 1995 کی 2-2 برابر رہنے والی سیریز میں بھی ان کی کارکردگی قابلِ ذکر رہی۔
ایجبسٹن 1993 کے ون ڈے میں ان کی 167 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز 23 سال تک انگلینڈ کی جانب سے سب سے بڑا انفرادی اسکور رہی، جسے 2016 میں ایلکس ہیلز نے پیچھے چھوڑا۔
اگرچہ اسمتھ بہترین فاسٹ بولنگ کے خلاف شاندار تھے، مگر اسپن کے خلاف مشکلات اکثر ان کی سلیکشن کے درمیان حائل رہیں۔ شین وارن کے ابھرنے کے بعد 1993 کی ایشیز کے اختتام پر انہیں آسٹریلیا کے اگلے دورے کے لیے ڈراپ کر دیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعد ازاں اسمتھ اور وارن قریبی دوست بن گئے، اور انہی کے تعلق نے وارن کو کیریئر کے آخری برسوں میں ہیمپشائر جوائن کرنے پر آمادہ کیا۔
آسٹریلیا کے سابق کرکٹر کیتھ اسٹیک پول 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
1963 میں ڈربن (جنوبی افریقہ) میں پیدا ہونے والے اسمتھ کو بچپن ہی سے پیشہ ور کرکٹر بنانے کی تربیت دی گئی۔ ان کے گھر میں قائم خصوصی نیٹ میں وہ بیری رچرڈز اور مائیک پراکٹر جیسے لیجنڈز کے ساتھ پریکٹس کیا کرتے تھے۔ رچرڈز کے تعلق کی وجہ سے اسمتھ اور ان کے بھائی کرس اسمتھ کیلئے ہیمپشائر کا دروازہ کھلا۔
رابن اسمتھ نے 1988 میں ہیڈنگلے ٹیسٹ کے ذریعے انگلینڈ کی نمائندگی شروع کی، جہاں انہوں نے اپنے پہلے میچ میں ہی ایلن لیمب کے ساتھ سنچری پارٹنرشپ قائم کی۔
1996 میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ ان کا آخری میچ ثابت ہوا، جس کے بعد انگلینڈ مینجمنٹ نے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لیے انہیں نظرانداز کر دیاحالانکہ ان کی اوسط اس دور کے اکثر بیٹرز سے بہتر تھی۔
قومی کرکٹر شان مسعود کے چچا، سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر وقار مسعود انتقال کر گئے
ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے شراب نوشی اور ذہنی صحت سے متعلق مشکلات کا سامنا کیا، جن کا انہوں نے اپنی 2019 کی خودنوشت The Judge میں کھل کر ذکر کیا۔
گزشتہ ہفتے ہی وہ پرتھ میں ایشز ٹیسٹ کے دوران مداحوں اور میڈیا سے ملتے رہے اور اپنی بحالی کے سفر کے بارے میں پرامید نظر آئے۔ انہوں نے اینڈریو فلنٹوف کی دعوت پر انگلینڈ لائنز کی ٹریننگ بھی وزٹ کی۔
