پنجاب میں ٹریفک مینجمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ٹریفک پولیس پنجاب نے بڑے شہروں میں ٹریفک کی صورتحال کی مؤثر نگرانی کیلئے ڈرونز کا باقاعدہ استعمال شروع کر دیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں ان ڈرونز کا استعمال زیادہ رش اور گنجان آباد علاقوں میں کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک بلاکجز، سگنل جام اور ہنگامی صورتحال کی فوری نشاندہی ممکن ہو سکے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان میں ڈرونز کے ذریعے ٹریفک مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔
ڈرونز سے ملنے والی ویڈیوز اور تصدیق شدہ رپورٹس کی بنیاد پر ٹریفک کوئیک فورس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔
یہ ٹیمیں ڈرون کی نشاندہی پر فوری حرکت میں آئیں گی اور موقع پر پہنچ کر ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کریں گی۔
بابوسر ناران روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ ڈرون ٹیکنالوجی ٹریفک قوانین کے نفاذ اور ٹریفک کنٹرول کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔
پنجاب ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام کے ذریعے ٹریفک جام میں نمایاں کمی اور حادثات کی بروقت روک تھام کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔
