خالی پیٹ پانی پینا ایک سادہ مگر انتہائی فائدہ مند عادت ہے، جسے ماہرینِ صحت بھی صبح کے معمولات میں شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق صبح اٹھتے ہی پانی پینا جسم کے نظام کو قدرتی طور پر فعال کرتا ہے، ہاضمہ بہتر بناتا ہے اور مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔
خالی پیٹ پانی پینا جسم میں جمع زہریلے مادّوں کو باہر نکالنے میں مدد دیتا ہے۔ رات بھر کی نیند کے بعد جسم کو ہائیڈریشن کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے، ایسے میں خالی پیٹ پانی پینا نہ صرف جسم کو دوبارہ توانائی بخشتا ہے بلکہ میٹابولزم کو بھی تیز کرتا ہے، جس سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی معدے کی صفائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ صبح پانی پینے سے آنتوں کی حرکت بہتر ہوتی ہے، قبض اور بدہضمی جیسے مسائل میں واضح کمی آتی ہے۔ طبی رپورٹس کے مطابق پانی جسم کے خون کو صاف کرنے اور دورانِ خون کو متوازن رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
مزید یہ کہ خالی پیٹ پانی پینا جلد کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ مناسب ہائیڈریشن جلد کو نمی فراہم کرتی ہے، جس سے جھریاں، خشکی اور جلدی مسائل میں کمی آتی ہے۔ ماہرین کے مطابق پانی پینے سے جلد کے خلیے ترو تازہ رہتے ہیں، جس کا مثبت اثر رنگت پر بھی پڑتا ہے۔
خاتون نے پانی سمجھ کر تیزاب سے کھانا پکا ڈالا؛ اہل خانہ ہسپتال منتقل
دل کی صحت کے حوالے سے بھی پانی انتہائی اہم ہے۔ خالی پیٹ پانی پینا دل کی دھڑکن کو معمول پر رکھنے اور بلڈ پریشر کو متوازن بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ پانی گردوں کی کارکردگی بہتر کرتا ہے اور پتھری کے خدشے کو کم کرتا ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ صبح کے وقت 1 سے 2 گلاس نیم گرم پانی پینا سب سے زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔ تاہم انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ پانی ہمیشہ آہستہ آہستہ پیئیں اور کھانے کے فوراً بعد زیادہ پانی پینے سے گریز کریں۔
خالی پیٹ پانی پینے کی یہ عادت اگر مستقل اپنا لی جائے تو وزن میں کمی، جلد کی بہتری، بہتر ہاضمہ اور مجموعی صحت پر نمایاں اثرات دیکھنے میں آتے ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دن کا آغاز پانی سے کریں تاکہ صحت مند طرزِ زندگی برقرار رکھا جا سکے۔
