پنجاب حکومت نے ’’اپنی زمین اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم‘‘ کے تحت 3 مرلہ رہائشی پلاٹس کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
لاہور میں منعقدہ تقریب میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مشترکہ طور پر پروگرام کا افتتاح کیا، جبکہ مریم نواز کی درخواست پر نواز شریف نے بٹن دبا کر اسکیم کا ڈیجیٹل اجرا کیا۔
ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 19 اضلاع کی 23 ہاؤسنگ اسکیموں کے تحت 2 ہزار مستحق افراد کو 3 مرلہ کے پلاٹ الاٹ کیے گئے۔
مختلف شہروں میں پلاٹوں کی تقسیم کچھ یوں رہی: جہلم میں 730 قصور میں 388 فیصل آباد میں 257 لودھراں میں 219 اوکاڑہ میں 130 لیہ میں 55 بھکر میں 52 ساہیوال میں 33 سرگودھا میں 25 افراد کامیاب قرار پائے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کے مطابق، کامیاب امیدواروں کو 15 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا، جس کی واپسی 9 سال میں صرف 14 ہزار روپے ماہانہ قسط کی صورت میں ہوگی۔
تقریب میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین نے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ان کے مطابق اسکیم کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے نادرا کے فیلڈ اسٹاف کے ذریعے اسکروٹنی، تصدیق اور ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کی منظوری جیسے فول پروف مراحل شامل کیے گئے ہیں۔
پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے ہونگے،آرڈیننس جاری
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکیم کے لیے 2 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ پہلے مرحلے میں 18 ہزار 308 افراد کو قرعہ اندازی کے لیے اہل قرار دیا گیا۔
حکومت نے اس مرحلے میں ڈیجیٹل بیلٹنگ مکمل طور پر مفت رکھنے کا اعلان بھی کیا ہے، جس کے لیے درخواست دہندگان کو کوئی اضافی فیس ادا نہیں کرنا پڑے گی۔
’’اپنی زمین اپنا گھر‘‘ پروگرام کا مقصد پنجاب کے کم اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کو جدید، شفاف اور آسان نظام کے ذریعے سستی رہائش فراہم کرنا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ گھرانے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت بنا سکیں۔
