ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے فیس بک گروپس کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی شناخت چھپا کر اپنی پسند کا نِک نیم اور اوتار استعمال کر سکیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس اپ ڈیٹ کا مقصد صارفین کو زیادہ پرائیویسی اور اظہارِ رائے کی آزادی فراہم کرنا ہے۔
نئے فیچر کے تحت، گروپ کے ارکان اپنی پوسٹس اصل نام کے بجائے کسی بھی منتخب کردہ نِک نیم کے ساتھ شیئر کر سکیں گے، تاہم یہ سہولت اسی وقت دستیاب ہوگی جب گروپ ایڈمن اسے فعال کرے۔
میٹا کے مطابق فیچر آن کرنے کی مکمل کنٹرول ایڈمنز کے پاس ہوگا۔ کچھ صورتوں میں صارفین کو الگ سے منظوری بھی لینا پڑ سکتی ہے۔ اجازت ملنے کے بعد، صارفین بآسانی اپنے اصل نام اور نِک نیم کے درمیان سوئچ کر سکیں گے۔
فیس بک میں بہترین فیچر کا اضافہ کر دیا گیا
البتہ نِک نیم میٹا کے کمیونٹی اسٹینڈرڈز اور ٹرمز آف سروس کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ نیا نِک نیم منتخب کرتے وقت صارفین کو ایک اوتار منتخب کرنے کا آپشن بھی دیا جائے گا۔
زیادہ تر اوتار چشمہ پہنے جانوروں کی مزاحیہ اور دلچسپ تصاویر پر مشتمل ہوں گے، جن کا مقصد صارفین کو مزید پرائیویسی اور تخلیقی اظہار کی سہولت دینا ہے۔
