انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی مغلپورہ جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کے مقدمے میں بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی ہے،اے ٹی سی کے جج منظرعلی گل نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔
عدالت کے مطابق مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد کی بنیاد پر چیمہ کی درخواست ضمانت منظورکی جاتی ہے جبکہ پولیس ریکارڈ میں بھی ایسا کوئی مواد پیش نہیں کیا گیا جو ملزم کی ضمانت رد کرنے کا جواز فراہم کرے۔
اس مقدمے میں تھانہ مغلپورہ پولیس نے الزام عائد کیا تھا کہ احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ، ہنگامہ آرائی اور تشدد کے واقعات میں عمرسرفرازچیمہ سمیت دیگرافراد شامل تھے۔
اپوزیشن اتحاد کا 27 ویں ترمیم کیخلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج
عدالت نے قرار دیا کہ ملزم کی جانب سے تفتیش میں تعاون کیا گیا اور اس مرحلے پر جسمانی ریمانڈ کی ضرورت بھی پیش نہیں آتی، لہٰذا درخواست ضمانت منظور کی جاتی ہے۔
علاوہ ازیں عدالت نے عمرسرفرازچیمہ کے خلاف درج دیگر چار مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی 25 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔
ان مقدمات میں بھی ان پراسی نوعیت کے الزامات عائد ہیں جن کا تعلق گزشتہ احتجاجی واقعات سے جوڑا جاتا ہے۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ اگلی سماعت پرتمام ریکارڈ مکمل صورت میں پیش کیا جائے تاکہ کارروائی کو آگے بڑھایا جاسکے۔
