ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے دی ملینیم یونیورسل کالج اور فیوچر ورلڈ سکول میں طلبا و اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں داخلی صورتحال، قومی دفاع اور نوجوانوں کے کردار پر گفتگو کی۔
اس موقع پر طلبا اور اساتذہ نے پاک فوج کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اساتذہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نہ صرف ملکی خودمختاری اور قومی سالمیت کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں بلکہ عوام کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ان کے مطابق اس نشست نے طلبا کو روایتی سوچ سے ہٹ کر غوروفکر اور تجزیاتی سوچ کو اپنانے کا موقع دیا، جبکہ نوجوانوں کو پاکستانیّت، فعال شہریت اور سماجی ذمہ داریوں کے حقیقی تصور سے آگاہی بھی ملی۔
طلبا نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک افواج کے کردار نے نوجوان نسل میں پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔
طلبا نے اعتراف کیا کہ اس نشست سے انہیں یہ احساس ہوا کہ میڈیا پر دی گئی خبروں کو بغیر تحقیق اور تصدیق کے پھیلانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے۔
