عمان نے دنیا بھر کے ہنرمند افراد کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے نیا ثقافتی ویزا متعارف کرا دیا ہے۔ اس ویزے کا مقصد فنون اور ثقافت سے وابستہ لوگوں کو عمان میں عارضی قیام اور کام کے لیے واضح قانونی سہولت فراہم کرنا ہے۔
عمان پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ یہ ویزا غیر ملکیوں کو ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے آسان اور باضابطہ راستہ مہیا کرے گا۔ ثقافتی ویزا ایک خاص انٹری پرمٹ ہے جو ان افراد کو دیا جاتا ہے جو ثقافتی مقاصد کے تحت عمان آنا چاہتے ہوں۔
یہ ویزا متعلقہ میزبان ادارے، جیسے وزارتِ ثقافت، کھیل و نوجوانان، تعلیمی ادارے یا ثقافتی مراکز کی درخواست پر جاری کیا جاتا ہے۔ یہ ویزا ان غیر ملکی شہریوں کے لیے ہے جو ثقافتی تبادلے، فنی تربیت، تحقیق، ادب، فنون، ورثے یا ثقافتی ایونٹس میں شرکت کرنا چاہتے ہوں۔
اس کے علاوہ ادبی و فکری کانفرنسوں، نمائشوں اور مختلف فیسٹیولز میں شرکت کرنے والے افراد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ثقافتی سرگرمیوں کے سلسلے میں آنے والے افراد کے والدین، شریکِ حیات اور بچوں کے لیے بھی خصوصی جوائننگ ویزا جاری کیا جاسکتا ہے۔
موٹاپے، ذیابیطس سمیت سنگین بیماریوں میں مبتلا افراد کو امریکی ویزہ نہیں ملے گا
ثقافتی ویزے کی فیس مدت کے مطابق مقرر کی گئی ہے۔ ایک سال کی مدت کے لیے 50 عمانی ریال، جبکہ پانچ اور دس سال کے طویل ویزوں کے لیے بھی فی سال 50 عمانی ریال فیس رکھی گئی ہے۔
اس ویزے کا بنیادی مقصد ماہرین، محققین اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد کی آمد کو آسان بنانا، علم اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا، اور عمان میں ثقافتی سرگرمیوں کو منظم بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ویزا عمان کی ثقافتی سیاحت کو مزید مضبوط بنانے اور دنیا سے فکری روابط بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
