اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن اسد قیصر نے سپریم کورٹ کے مستعفی ہونے والے ججز، جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وکلا تنظیمیں اورمزدور تنظیمیں ان کے ساتھ کھڑی ہوں۔
انہوں نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ججز اپنی خدمات کے دوران عدلیہ کی عزت اور قانون کی پاسداری کیلئے کوشاں رہے اوران کے استعفیٰ پرانہیں خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔
اسد قیصرنے کہا کہ کل دو بجے پی ٹی آئی کا اجلاس ہوگا جس میں اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا اور اس دوران حکومت کی غیرواضح قانونی ترمیمات پرتنقید بھی کی جائے گی۔
انحراف کا قانون واضح ہے، محض اعلان سے رکنیت ختم نہیں ہوتی، اسحاق ڈار
انہوں نے کہا کہ حکومت ایک بار قانون میں ترمیم کر کے بعد میں اس پروضاحت دیتی ہے کہ یہ ویسا نہیں بلکہ ویسا ہے۔
اس موقع پرانہوں نے نوازشریف کی حالیہ تقریرکی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جولوگ عام طورپراہم فیصلوں میں شریک نہیں ہوتے، وہ کل ووٹ کوعزت دینے کیلئے پارلیمنٹ میں حاضر ہوئے۔
اسد قیصرنے مزید کہا کہ ججزکے ساتھ کھڑے ہونے کا مطلب عدلیہ کی آزادی اوراصولوں کے تحفظ کی حمایت ہے اوروکلا کو بھی اس موقف کی حمایت کرنی چاہیے تاکہ قانون کی بالادستی قائم رہ سکے اورمستعفی ہونے والے ججز کے کردار کو سراہا جائے۔
