سپریم کورٹ کے جج جسٹس صلاح الدین پنہور نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو27 ویں ترمیم کے معاملے پر خط لکھ دیا۔
خط میں انہوں نے چیف جسٹس سے 27ویں آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ لینے اور فل کورٹ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ بطور احتجاج نہیں بلکہ اپنا فرض سمجھتے ہوئے خط لکھ رہا ہوں، فل کورٹ میٹنگ بلا کر آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ لیا جائے تاکہ آئین کے بنیادی ڈھانچے اور ادارہ جاتی توازن پر کوئی اثر نہ پڑے۔
خط میں انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم آئینی معاملے پر ”لاء اینڈ جسٹس کمیشن“ اور دیگر پالیسی ساز کمیٹیوں سے بھی مشاورت کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ستائیسویں ترمیم اختیارات کے توازن کو خراب کر سکتی ہے۔
27 ویں آئینی ترمیم سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی گئی
جسٹس صلاح الدین پنہور نے خط میں کہا کہ آئین تقاضا کرتا ہے کہ سپریم کورٹ اس کا تحفظ کرے، تاریخ ہماری آسانی نہیں بلکہ ہماری فیصلہ سازی کی ہمت کو یاد رکھے گی، انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد کو بچانے کیلئے فوری فل کورٹ اجلاس بلایا جائے۔
