اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وانا کیڈٹ کالج میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی۔ اور سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کی پذیرائی کی۔ وزیر اعظم نے 2 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بزدل دشمن نے ایک بار پھر تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی۔ اور سیکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔ اور پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کے کیڈٹ کالج پر دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت کو تاحیات گرفتاری سے استثیٰ دینے کی شق کثرت رائے سے منظور
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے دھماکہ خیز گاڑی کے ذریعے مین گیٹ تباہ کرنے کی کوشش کی تاکہ نوجوان طلبہ میں خوف و ہراس پیدا کیا جا سکے۔ تاہم سیکیورٹی فورسز نے حملے کو بروقت ناکام بنا کر طلبہ اورکالج عملے کو محفوظ رکھا۔
