نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے بجلی صارفین کو خوشخبری سنا دی ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا سے 37 پیسے کمی کی درخواست کی تھی، لیکن نیپرا نے اس سے بھی زیادہ ریلیف دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے نومبر کے بجلی بلوں میں فی یونٹ 48 پیسے کی کمی کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ریٹ کٹ لائف لائن صارفین پر لاگو نہیں ہوگا۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ یہ کمی ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت کی گئی ہے اور اس کا فائدہ کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کو ہوگا۔
ایم آئی میٹرز کی تنصیب پر نیپرا کا نوٹس
یاد رہے کہ دو روز قبل ملک کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بغیر ریگولیٹری منظوری کے 40 لاکھ سے زائد اے ایم آئی میٹرز نصب کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا جس پر نیپرا نے نوٹس بھی لیا تھا۔
اربوں روپے کے اس سرمایہ کاری منصوبے کے لیے ریگولیٹر سے پیشگی منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ کمپنیوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ منصوبہ پاور ڈویژن کی ہدایت پر شروع کیا گیا۔
حکام کے مطابق ایک عام میٹر کی قیمت 5 ہزار روپے جبکہ اے ایم آئی میٹر کی قیمت 20 ہزار روپے تک وصول کی جارہی ہے۔
نیپرا میں کیسکو کی مالی سال 2025-26 سے 2029-30 تک کی کثیر سالہ ٹیرف درخواست کی سماعت کے دوران یہ معاملات زیر بحث آئے۔
