نیویارک سٹی کے نئے میئر زہران ممدانی نے عہدہ سنبھالتے ہی انتظامی امور کو منظم کرنے کے لیے متعدد نئی نوکریوں کا اعلان کر دیا ہے۔
تاریخ کے پہلے مسلم میئر کے طور پر ممدانی نے عوام کے لیے سٹی ہال میں مختلف محکموں میں شفاف اور کھلے انداز میں بھرتیوں کا آغاز کیا ہے، جسے نیویارک کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی ہائرنگ عمل قرار دیا جا رہا ہے۔
سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دینے کے بعد 34 سالہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ زہران ممدانی نے نیویارک کے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی ٹیم میں شامل ہوں۔
اس سلسلے میں ان کی ٹرانزیشن کمیٹی نے ایک عوامی پورٹل قائم کیا ہے جس کے ذریعے شہری سٹی ہال میں مختلف عہدوں کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں، جن میں ڈپٹی میئرز، کمشنرز اور سینیئر عملے کے عہدے شامل ہیں۔
زہران ممدانی کی ٹیم کے مطابق اس وقت میئر کے دفتر میں تقریباً تمام محکموں کے لیے درخواستیں قبول کی جا رہی ہیں۔ بھرتی کے عمل میں میرٹ کو بنیادی حیثیت دی گئی ہے تاکہ تمام باصلاحیت امیدواروں کو موقع فراہم کیا جا سکے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار اپنی تفصیلات میئر کے ٹرانزیشن ویب پورٹل کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔
نیویارک کے نومنتخب میئر زہران ممدانی رمیز راجہ کے مداح نکلے
درخواست کے ساتھ امیدوار کو اپنے تجربے کا خلاصہ اور ایک مختصر بیان دینا ہوگا جس میں بتایا جائے کہ وہ زہران ممدانی کے منصفانہ اور قابلِ استطاعت نیویارک کے وژن سے کس طرح ہم آہنگ ہیں۔
درخواستوں کا جائزہ مرحلہ وار لیا جائے گا اور زہران ممدانی کی حلف برداری سے قبل یعنی جنوری 2026 تک تقرریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
We’re hiring!
Our new resume portal is live, and we’re looking for top talent in NYC to help build this administration and deliver on our affordability agenda.
Could that be you? Apply using the link below.https://t.co/TgHP4d0hrg pic.twitter.com/SMD5gf41FL
— Zohran Kwame Mamdani (@ZohranKMamdani) November 6, 2025
ٹرانزیشن ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایلینا لیوپولڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم بہترین ٹیم بنانے کے لیے شہر بھر سے باصلاحیت افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد ایک ایسا نیویارک تعمیر کرنا ہے جو ہر شہری کے لیے رہنے کے قابل اور قابلِ برداشت ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ آن لائن پورٹل سے بھرتی کا عمل نہ صرف شفاف ہوگا بلکہ نئی انتظامیہ کو اپنے وعدوں کو عملی شکل دینے میں بھی مدد ملے گی۔
زہران ممدانی کی ٹرانزیشن ٹیم میں کئی نمایاں شخصیات شامل ہیں جن میں ایلینا لیوپولڈ، سابق فرسٹ ڈپٹی میئر ماریا ٹوریس سپرنگر، یونائیٹڈ وے آف نیویارک سٹی کی صدر گریس بونیلا، فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی سابق چیئر لینا خان اور سابق ڈپٹی میئر میلینی ہارٹزوگ شامل ہیں۔
یہ اقدام زہران ممدانی کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ نیویارک کو ایک ایسا شہر بنانا چاہتے ہیں جہاں میرٹ، شفافیت اور عوامی شمولیت کے ذریعے سب کے لیے مواقع برابر ہوں۔ ان نوکریوں کے لیے صرف نیویارک سے تعلق رکھنے والے شہری ہی اہل ہیں۔
