دنیا کا مقبول ترین مصنوعی ذہانت (اے آئی) چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی اب صرف گفتگو یا تحریر لکھنے کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ یہ تیزی سے ایک ڈیجیٹل آل راؤنڈر ٹول بنتا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں لاکھوں افراد روزانہ مختلف کاموں کے لیے اسے استعمال کرتے ہیں مگربہت سے صارفین کو اس کے نئے اور پوشیدہ فیچرزکے بارے میں علم ہی نہیں۔
حالیہ اپ ڈیٹس کے بعد چیٹ جی پی ٹی میں ویژن، وائس، کینوس اور فائل اپ لوڈ جیسے فیچرز شامل کیے گئے ہیں جنہوں نے اسے غیرمعمولی حد تک طاقتوربنا دیا ہے اب صارفین صرف بات نہیں کرتے بلکہ فائلز، تصاویر اور آڈیوز پر بھی حقیقی وقت میں کام کر سکتے ہیں۔
انسانی دماغ کی تقلید سے مصنوعی ذہانت کی کارکردگی میں اضافہ
مثلاً اب ایک ورڈ فائل کوچند سیکنڈزمیں پی ڈی ایف میں بدلا جا سکتا ہے، یا کسی تصویرکوکراپ، ری سائز یا بیک گراؤنڈ فری بنایا جا سکتا ہے حتیٰ کہ چیٹ جی پی ٹی سیلفی کوکارٹون یا انسٹاگرام اسٹوری میں بھی تبدیل کردیتا ہے۔
مزید یہ کہ چیٹ جی پی ٹی میٹنگزاورکلاس لیکچرز کو ریکارڈ کرکے ان کا خلاصہ، اہم نکات اور فالو اپ ای میلز تک تیار کردیتا ہے اسی طرح آپ اپنی پلیٹ کی تصویراپ لوڈ کریں تو یہ کیلوریزکا تخمینہ لگاتا اورغذائی پلان تجویزکرتا ہے۔
گرافکس اورپوسٹرڈیزائننگ کے علاوہ صارفین اب کینوس فیچرکے ذریعے سادہ ایپس یا کیلکولیٹرز بھی بنا سکتے ہیں، چاہے انہیں کوڈنگ کا کوئی تجربہ نہ ہو۔
اب چیٹ جی پی ٹی ایک سادہ چیٹ بوٹ نہیں بلکہ ایک ایسا اے آئی معاون بن چکا ہے جوتحریر، ڈیزائن، ڈیٹا، فائلز اورصحت سب کچھ ایک ہی جگہ پرسموئے ہوئے ہے۔
