سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ(hajj and umrah) نے عمرہ ویزا سے متعلق اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب عمرہ ویزا اجراء کے 30 دن کے اندر سعودی عرب میں داخل نہ ہونے کی صورت میں ویزاخود بخود منسوخ ہو جائے گا۔ یہ نیا ضابطہ اگلے ہفتے سے نافذ العمل ہوگا۔
سعودی عرب نے عمرہ زائرین کو خوشخبری سنا دی
عرب نیوز چینل “العربیہ” کے مطابق، نئے قانون کے تحت ویزا کی ابتدائی مدتِ کار یعنی داخلے سے قبل کی مدت تین ماہ سے گھٹا کر ایک ماہ کر دی گئی ہے۔ تاہم، سعودی عرب میں داخل ہونے کے بعد عازمین کو قیام کے لیے پہلے کی طرح تین ماہ کا وقت ہی ملے گا۔
وزارت کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ یہ اقدام بڑھتی ہوئی عمرہ زائرین کی تعداد کو منظم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں کے اختتام اور موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زائرین کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
نیشنل کمیٹی برائے عمرہ و زیارت کے مشیر احمد بجعفر نے “العربیہ” سے گفتگو میں کہا کہ وزارت کا یہ فیصلہ انتظامی بہتری اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے اٹھایا گیا قدم ہے۔ ان کے مطابق، نئے نظام سے حکام کو زائرین کی آمد و رفت پر بہتر نگرانی اور سہولتوں کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
سعودی حکومت کا بڑا اعلان ، تمام ویزا ہولڈرز کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت
اعداد و شمار کے مطابق، رواں عمرہ سیزن کے آغاز یعنی جون کے اوائل سے اب تک دنیا بھر سے 40 لاکھ سے زائد زائرین کو عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔ حکام کے مطابق، یہ تعداد پچھلے سیزنز کے مقابلے میں ریکارڈ اضافہ ہے اور صرف پانچ ماہ میں ہی غیر معمولی پیش رفت دیکھی جا رہی ہے۔
عمرہ سیزن کے دوران بڑھتی ہوئی زائرین کی آمد کے باعث سعودی حکومت نے مکہ اور مدینہ میں انتظامی عملے اور سہولیات میں بھی اضافہ کیا ہے تاکہ عبادت گزاروں کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔
