سوشل میڈیا پر ایک ٹک ٹاک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک نیوز براڈکاسٹ دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب کی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور اور ملتان میں بڑھتی ہوئی اسموگ کے باعث ویک اینڈ پر مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
بہت سے سوشل میڈیا صارفین اس دعوے کو درست سمجھتے ہوئے ویڈیو کو شیئر کر رہے ہیں۔ تاہم، یہ دعویٰ غلط ہے۔
ویڈیو پرانے واقعے سے متعلق ہے، اور27 اکتوبر تک پنجاب حکومت کی جانب سے اس نوعیت کا کوئی نیا اعلان نہیں کیا گیا۔
دعویٰ 19 اکتوبر کو ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس کے اردو کیپشن میں لکھا تھا: “مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ اگلے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو لاہور اور ملتان میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔”ویڈیو میں ایک نجی نیوز چینل کا گرافک بھی شامل ہے جس پر تحریر ہے: لاہور اور ملتان میں ہر طرح کی کنسٹرکشن پر پابندی ہوگی، مریم اورنگزیب۔” یہ پوسٹ اب تک 4 لاکھ 53 ہزار سے زائد ویوز، 1 ہزار 160 شیئرز، اور 9 ہزار 300 لائکس حاصل کر چکی ہے۔

اسی طرح کا دعویٰ اسی پلیٹ فارم پر ایک اور اکاؤنٹ سے بھی شیئر کیا گیا۔
حقیقت وائرل ہونے والی یہ ویڈیو دراصل نومبر 2024کی ہے، جب مریم اورنگزیب نے لاہور اور ملتان میں اسموگ کے باعث تین روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ جیو فیکٹ چیک کی تحقیقات کے مطابق یہ ویڈیو 15 نومبر 2024 کی پریس کانفرنس سے لی گئی تھی، نہ کہ موجودہ سال کی۔ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے بھی جیو فیکٹ چیک سے بات کرتے ہوئے وضاحت کی کہ: “فی الحال لاک ڈاؤن کا کوئی امکان یا فیصلہ موجود نہیں ہے۔”
نتیجہ پرانے (نومبر 2024) لاک ڈاؤن کی ویڈیو کو غلط طور پر حالیہ لاک ڈاؤن کے اعلان کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
