انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل (ODI) پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی۔
رینکنگ میں پاکستان کی اوپنر سدرہ امین ایک درجہ تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر چلی گئی ہیں جبکہ آل راؤنڈر نشرہ سندھو نے نمایاں کارکردگی دکھا کر ٹاپ 10 میں جگہ بنالی۔
بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کی سمرتی مندھانا نے اپنی سرفہرست پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔
آسٹریلیا کی ایشلے گارڈنر دوسرے جبکہ جنوبی افریقہ کی لاؤرا وولوارٹ تیسرے نمبر پر برقرار ہیں۔
View this post on Instagram
بولرز کی فہرست میں انگلینڈ کی سوفی ایکلسٹن بدستور نمبر ون پوزیشن پر براجمان ہیں۔
آسٹریلیا کی الانا کنگ نے شاندار کارکردگی کے باعث 5 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق حالیہ سیریز میں آل راؤنڈرز اور بولرز کی کارکردگی نے رینکنگ میں نمایاں ردوبدل پیدا کیا ہے، جبکہ پاکستان کی کھلاڑیوں کی اگلی پوزیشنز مستقبل کی سیریز کے نتائج پر منحصر ہوں گی۔
نعمان علی دنیا کے دوسرے بہترین بولر بن گئے
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کیلئے جاری کی گئی آئی سی سی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی رینکنگ میں کئی پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشن میں بہتری آئی تھی۔
پاکستانی اسپنر نعمان علی نے ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں 4 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے دوسری پوزیشن سنبھال لی۔ نعمان علی کو نمبر ون بولر بننے کے لیے اب صرف 29 پوائنٹس درکار ہیں۔
