کولمبو: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستانی باؤلر نشرہ سندھو نے پاکستان کے لیے نئی تاریخ رقم کر دی۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف 3 وکٹیں لینے کے بعد پاکستانی باؤلر نشرہ سندھو سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی باؤلر بن گئیں۔
انہوں نے ورلڈ کپ کے 16 میچوں میں سب سے زیادہ 20 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز پاکستان کی سابق کپتان ثنا میر کے پاس تھا، جنہوں نے ورلڈ کپ 18 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
پاکستانی اسپنر نشرہ سندھو نے آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران ایلیس پیری، انا بیل سدرلینڈ اور تاہلیہ میک گرا کو آؤٹ کیا۔
بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرہ نے ندا ڈار کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ اور وہ ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے مشترکہ طور پر دوسری سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی باؤلر بھی بن گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو فٹبال کی تاریخ کے پہلے ارب پتی کھلاڑی بن گئے
دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے ون ڈے میچوں میں 108، 108 وکٹیں حاصل کیں۔ نشرہ نے یہ سنگ میل 78 میچوں میں جبکہ ندا ڈار نے 112 میچوں میں 108 وکٹیں حاصل کیں۔
