اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر سپرفور مرحلے میں پاکستان کی شکست پر برہم ہو گئے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر پاکستان کے پاس 200 رنز بھی ہوتے تب بھی پاکستانی باؤلرز اس کا دفاع نہیں کر سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر فہیم نے باؤلنگ کرنی ہی تھی تو نئی گیند استعمال کرنی چاہیے تھی۔ اور اگر وہ صائم ایوب کی جگہ لے لیتے تو وہ کارآمد ثابت ہوتے۔
شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان کی باؤلنگ ہی ناقص تھی۔ اور حارث رؤف نے حریف کے ایک بھی بلے باز کو آؤٹ نہیں کیا۔ بلکہ بھارتی بلے باز اپنی غلطیوں سے آؤٹ ہوئے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے غلط شارٹ کھیلا اور نقصان اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ ابرار سے پہلے پارٹ ٹائم باؤلر صائم ایوب آ رہے ہیں۔ اور ابرار قومی ٹیم کے مین باؤلر ہیں۔ لیکن آپ کی باؤلنگ لائن اپ ہی اس قابل نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ابھی بھی ایشیا کپ جیت سکتا ہے، ثقلین مشتاق
شعیب اختر نے کہا کہ بھارتی کھلاڑی ابھیشیک شرما اگر کچھ دیر اور کریز پر کھڑے ہو جاتے تو یہ میچ پانچ اوور پہلے ہی ختم ہو جاتا۔ ان کے آؤٹ ہونے کی وجہ سے میچ 19ویں اوور تک چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تو بھارت کے پاس کے ایل راہول نہیں تھے۔ جو ہمیشہ باؤلرز کو مارتا ہے۔