دوحہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ اور 9 ستمبر کے اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔ اور پاکستان ہر مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔ قطر پر اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت فوری طور پر روکی جائے۔
شہباز شریف نے قطر کے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس بلانے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قطر کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی کوشش کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
گزشتہ روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں عرب اسلامی ہنگامی سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور ترک صدر رجب طیب ایردوان سمیت کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسرائیلی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: گریٹر اسرائیل کا ایجنڈا عالمی امن کیلئے شدید خطرہ ہے ، امیر قطر
وزیراعظم شہباز شریف کا اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت مشرق وسطیٰ میں امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کی امت مسلمہ کو یکجا کرنے کی کوشش کو سراہا۔
